حضرت امام حسین بن علی علیہما السلام سید الشہداء
امام حسین بن علی علیہما السلام
سیدُ شبابِ اہلِ جنّت، امامِ قربانی، امامِ حریت، سیدُ الشہداء، مصباحُ الہدیٰ و سفینۃُ النجاۃ
حضرت امام حسین علیہ السلام، سبطِ اصغرِ رسول اکرم ﷺ، جگرگوشۂ سیدہ فاطمہ زہرا سلامُ اللہ علیہا، اور امام علی بن ابی طالب علیہ السلام کے فرزند، اہل بیت اطہارؑ کے تیسرے امام، اور نواسۂ رسول ﷺ ہیں۔ آپ کو سید الشہداء, ثار اللہ، اور امامِ مظلوم جیسے عظیم القابات سے یاد کیا جاتا ہے۔ آپ کی ذات، توحید، شجاعت، صبر، قربانی اور امامت کا مجسم نمونہ ہے، جنہوں نے ظلم و باطل کے خلاف قیامت تک کے لیے ایک الٰہی معیار قائم کر دیا تاریخ کے مطابق جب یزید نے امام حسین علیہ السلام سے اپنی بیعت کا مطالبہ کیا تو اس موقع پر امام نے وہ فیصلہ کن اور تاریخ ساز جملہ ارشاد فرمایا: مجھ جیسا یزید جیسے شخص کی بیعت نہیں کر سکتا۔ یہ الفاظ کسی ذاتی انا یا وقتی اختلاف کا اظہار نہیں تھے بلکہ حق اور باطل کے درمیان ایک واضح لکیر کھینچنے کا اعلان تھے۔ امام حسینؑ نے یزید کی بیعت اس لیے رد کی کہ وہ اسے دینِ اسلام کی روح، عدلِ الٰہی اور رسولِ اکرم ﷺ کی تعلیمات کے منافی سمجھتے تھے۔ تاریخ گواہ ہے کہ اسی اصولی مؤقف کی وجہ سے آپ نے مدینہ چھوڑا تاکہ حرمِ رسول ﷺ کی حرمت پامال نہ ہو، پھر مکہ مکرمہ میں بھی قیام اس وقت ترک کیا جب وہاں خونریزی کا خطرہ پیدا ہوا۔ کربلا میں پہنچ کر بھی امام حسینؑ نے آخری لمحے تک دلیل، نصیحت اور حق کی دعوت کو ترک نہ کیا، تاکہ دنیا پر یہ واضح ہو جائے کہ ان کی قربانی اقتدار کے لیے نہیں بلکہ دین کی بقا اور امت کے ضمیر کو زندہ رکھنے کے لیے تھی۔
تاریخی تسلسل کو دیکھا جائے تو بنو ہاشم اور بنو امیہ کے درمیان کشمکش محض کربلا سے شروع نہیں ہوتی بلکہ اس کی جڑیں بعثتِ نبویؐ سے بھی پہلے کے قریشی معاشرتی و قبائلی تنازعات میں پیوست ہیں۔ روایات کے مطابق رسولِ اکرم ﷺ کے جدِّ امجد حضرت عبدالمطلبؑ کو بنو امیہ کے بعض اکابر، خصوصاً امیہ بن عبد شمس کی نسل سے تعلق رکھنے والوں کی طرف سے ایذا اور مخالفت کا سامنا رہا، جس سے یہ عداوت ایک قبائلی حسد اور اقتدار کی کشمکش کی صورت اختیار کر گئی۔ بعثت کے بعد یہی دشمنی کھل کر سامنے آئی، اور بدر کے میدان میں بنو امیہ کے بڑے سرداروں کی شکست نے اس آگ کو مزید بھڑکا دیا، کیونکہ وہاں صرف عسکری شکست نہیں ہوئی بلکہ اخلاقی و نظریاتی برتری بھی بنو ہاشم کے حصے میں آئی۔ تاریخ دانوں کے مطابق بدر میں مارے جانے والے اموی سرداروں کا بدلہ لینے کا جذبہ دلوں میں دبا رہا، جو احد، احزاب اور بعد ازاں سیاسی شکل اختیار کرتا ہوا خلافتِ امویہ تک جا پہنچا۔ کربلا میں امام حسینؑ کا قتل اسی دبی ہوئی آگ کا ظاہری اور انتہائی اظہار تھا، جہاں بدر کی شکست کا انتقام رسول ﷺ کے نواسے سے لیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے مؤرخین کے نزدیک کربلا کوئی اچانک واقعہ نہیں بلکہ ایک طویل تاریخی عداوت کا منطقی انجام تھا، اور اسی پس منظر میں یہ بات بھی سمجھی جاتی ہے کہ بنو ہاشم اور بنو امیہ کے درمیان نظریاتی و اخلاقی خلیج تاریخ میں کبھی پُر نہ ہو سکی، جس کے اثرات مختلف صورتوں میں آج تک محسوس کیے جاتے ہیں۔ بدر کی آگ تھی جو کربلا تک پہنچی
القابات و کنایات:
حضرت امام حسین علیہ السلام کے مشہور و معتبر القابات میں سید الشہداء، سبطِ رسول، ریحانۃُ النبی، ثارُ اللہ، وترُ الموتور، امامِ مظلوم، قتيلُ العبرات، سفینۃُ النجاۃ، مصباحُ الہدیٰ، وارثِ انبیاء، اور خامسِ آلِ عبا شامل ہیں، جو آپ کے روحانی، الٰہی اور تاریخی مقام کی عکاسی کرتے ہیں۔
والدین:
● والد: امیر المؤمنین، حضرت علی بن ابی طالب علیہ السلام
● والدہ: سیدہ النساء العالمین، حضرت فاطمہ الزہرا بنتِ رسول ﷺ سلامُ اللہ علیہا
پیدائش:
● تاریخِ ولادت: 3 شعبان المعظم، سن 4 ہجری
● مقامِ ولادت: مدینہ منورہ
● رسول اکرم ﷺ نے آپ کا نام حسین رکھا، اذان و اقامت دی، عقیقہ کیا، اور فرمایا: حسن و حسین جنت کے جوانوں کے سردار ہیں
حوالہ: سنن ترمذی؛ بحار الانوار، ج 43
طفولیت اور رسولِ اکرم ﷺ سے تعلق
حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنی ابتدائی عمر رسولِ اکرم ﷺ کی آغوشِ رحمت میں گزاری۔ متعدد احادیث میں نبی اکرم ﷺ کا امام حسینؑ کو کندھوں پر بٹھانا، سجدے کو طویل کرنا، اور صحابہؓ کے سامنے ان سے محبت کا اظہار کرنا منقول ہے۔ رسول ﷺ نے واضح فرمایا کہ حسینؑ سے محبت درحقیقت مجھ سے محبت ہے، اور حسینؑ کی اذیت رسول ﷺ کی اذیت کے مترادف ہے۔
ازواج:
1. شہر بانو سلامُ اللہ علیہا ایرانی بادشاہ یزدگرد کی بیٹی، جنہیں قیدیوں میں سے امام علی علیہ السلام نے منتخب کیا اور امام حسینؑ سے نکاح کرایا ان ہی سے امام زین العابدین علیہ السلام پیدا ہوئے۔
2. رباب بنت امرؤ القیس کلبی اہل تقویٰ و علم خاتون، امام حسینؑ کے ساتھ کربلا میں موجود تھیں ان سے حضرت سکینہ سلامُ اللہ علیہا پیدا ہوئیں۔
3. بعض روایات میں دیگر ازواج کا ذکر بھی ہے، مگر شہر بانو اور رباب سلامُ اللہ علیہما سب سے زیادہ معتبر اور مشہور ہیں۔
اولاد (ذکور و اناث):
بیٹے:
1. حضرت علی زین العابدین علیہ السلام امام چہارم، کربلا میں موجود، مگر بیمار تھے
2. علی اکبر علیہ السلام جوان، خوبصورت، باادب، میدانِ کربلا میں شہید ہوئے
3. عبداللہ رضیع (علی اصغرؑ) شیر خوار شہیدِ کربلا، جسے تیر سے شہید کیا گیا
بیٹیاں:
1. سکینہ بنت الحسین سلامُ اللہ علیہا عالمہ، مظلومہ، شریکِ کربلا
2. فاطمہ بنت الحسین سلامُ اللہ علیہا بعض روایات میں ان کا ذکر موجود ہے
دورِ امامت:
حضرت امام حسین علیہ السلام نے سن پچاس ہجری میں امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی شہادت کے بعد منصبِ امامت سنبھالا۔ یہ دور شدید سیاسی جبر، اموی استبداد اور دینی تحریف کا زمانہ تھا۔ امام حسینؑ نے اس عرصے میں خاموش انقلابی حکمتِ عملی اختیار کی، دینی اقدار کی حفاظت کی، اور یزید کے اقتدار تک صبر و انتظار سے کام لیا، یہاں تک کہ دین کو کھلے خطرے کا سامنا ہوا۔
اہم واقعات و خدمات:
● رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: حسین منی و انا من حسین (حسین مجھ سے ہے، اور میں حسین سے ہوں)
حوالہ: مسند احمد؛ سنن ترمذی
● یزید کی بیعت سے انکار فرمایا، کیونکہ یزید فسق و فجور میں مبتلا تھا۔
● سن 61 ہجری، 2 محرم کو کربلا پہنچے، جہاں 10 محرم (عاشورہ) کو 72 باوفا ساتھیوں کے ساتھ شہید ہوئے۔
● آپ نے نماز، توحید، غیرت، حریت، اور دینِ محمدی ﷺ کی بقا کے لیے جان قربان کی۔
● امام حسینؑ نے فرمایا: میں موت کو سعادت سمجھتا ہوں، اور ظالموں کے ساتھ جینا ذلت!
مدینہ سے کربلا تک کا سفر:
امام حسین علیہ السلام نے رجب سن ساٹھ ہجری میں مدینہ چھوڑا، شعبان میں مکہ پہنچے، جہاں چار ماہ قیام فرمایا۔ جب یزید کی جانب سے مکہ میں بھی قتل کا خطرہ پیدا ہوا تو آپ نے آٹھ ذوالحجہ کو احرام توڑ کر مکہ چھوڑا، اور کوفہ کے خطوط و حجتِ شرعی مکمل ہونے کے بعد دو محرم سن اکسٹھ ہجری کو کربلا پہنچے۔
حجتِ تمام کرنے کا عمل:
امام حسین علیہ السلام نے کربلا میں قیام کے دوران متعدد مواقع پر دشمن کے لشکر کو خطبات، مکالمات اور نصیحتوں کے ذریعے حق کی دعوت دی۔ آپ نے اپنا نسب، مقصدِ قیام اور یزید کے فسق کو واضح کیا تاکہ قیامت تک کوئی یہ دعویٰ نہ کر سکے کہ حق و باطل میں ابہام تھا۔
شہادت و مدفن:
تاریخِ شہادت: 10 محرم 61 ہجری (عاشورہ) عمر مبارک: تقریباً 57 سال مقامِ شہادت: میدانِ کربلا، عراق مدفن: کربلا مقدسہ میں روضۂ مبارک (جو آج بھی مرکزِ زیارت ہے)
شہادت کے بعد اثرات:
امام حسین علیہ السلام کی شہادت نے اسلامی تاریخ کا رخ بدل دیا۔ کربلا کے بعد توّابین، مختار، اور دیگر تحریکیں اسی خونِ حسینؑ کی گونج تھیں۔ آپ کی قربانی نے اموی اقتدار کی اخلاقی بنیادیں ہلا دیں اور قیامت تک کے لیے ظلم کے خلاف معیارِ حق قائم کر دیا۔
حوالہ جات: بحار الانوار، علامہ مجلسی، ج 44–45، کشف الغمہ، علی بن عیسی اربلی، الارشاد، شیخ مفید، مناقب ابن شہرآشوب، تاریخ طبری (اہل سنت)، سیر اعلام النبلاء، امام ذہبی، مسند احمد، سنن ترمذی
Comments
Post a Comment