حضرت سید سلطان احمد کبیر رحمۃ اللہ علیہ
حضرت سید سلطان احمد کبیر رحمۃ اللہ علیہ
(فرزندِ قطب الاقطاب حضرت سید جلال الدین سرخ پوش بخاری رحمۃ اللہ علیہ)
تعارف
حضرت سید سلطان احمد کبیر رحمۃ اللہ علیہ کا شمار برصغیر کے عظیم روحانی بزرگوں اور ساداتِ عظام میں ہوتا ہے۔ آپ نہ صرف حضرت سید جلال الدین سرخ پوش بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے فرزند تھے بلکہ ان کے روحانی جانشین، باعمل ولی، اور مجاہد صوفی بھی تھے۔ آپ نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ عبادت، تبلیغِ دین، اصلاحِ معاشرہ اور روحانی تعلیمات کے فروغ میں صرف کیا۔
نسبی عظمت
حضرت سید احمد کبیر رحمۃ اللہ علیہ کا سلسلہ نسب براہ راست نواسۂ رسول ﷺ، حضرت امام حسین علیہ السلام سے ہوتا ہوا حضرت امام علی نقی علیہ السلام، امام محمد تقی، امام رضا، اور امام جعفر صادق تک پہنچتا ہے۔ آپ کے جد امجد حضرت سید جلال الدین سرخ پوش بخاری رحمۃ اللہ علیہ تھے، جنہیں برصغیر پاک و ہند میں ساداتِ بخاریہ کے بانی کے طور پر جانا جاتا ہے۔
● والد گرامی: حضرت سید جلال الدین سرخ پوش بخاری رحمۃ اللہ علیہ (قطب الاقطاب، بانی سلسلہ جلالیہ)
● والدہ ماجدہ: سیدہ حبیبہ سعیدہ بنت بدرالدین بھاکری
نسبی سلسلہ
سید احمد کبیر بن سید جلال الدین سرخ پوش بن سید علی الموید بن سید جلال الدین قتال بن سید شاہاب الدین بن علی اصغر بن امام جعفر ثانی بن امام علی نقی بن امام محمد تقی بن امام علی رضا بن امام موسیٰ کاظم بن امام جعفر صادق بن امام محمد باقر بن امام زین العابدین بن امام حسین علیہ السلام
پیدائش و ابتدائی زندگی
آپ کی ولادت بخارا (موجودہ ازبکستان) میں ہوئی۔ آپ کی ابتدائی تعلیم و تربیت والد گرامی کے زیر سایہ ہوئی۔ بچپن ہی سے آپ کی طبیعت میں زہد، معرفت، عبادت، اور خدمتِ خلق کے آثار نمایاں تھے۔ آپ کی والدہ حضرت بدرالدین بھاکری کی صاحبزادی تھیں، جن کا نام بی بی فاطمہ حبیبہ سعیدہ تھا۔
روحانی تربیت و بیعت
حضرت سید احمد کبیر رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے والد محترم کے دستِ مبارک پر بیعت کی اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سلسلہ جلالیہ کی روحانی خدمات کو وسعت دی۔ بعد ازاں آپ کو حضرت شیخ صدر الدین عارف رحمۃ اللہ علیہ (خلیفۂ حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانی) سے بھی خلافت و اجازت حاصل ہوئی جو خود جلیل القدر شیخِ طریقت، عالمِ باعمل، اور صاحبِ کشف و کرامات بزرگ تھے۔
اقامت: دیویاں شریف
حضرت احمد کبیر رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ دیویاں شریف (موجودہ پنجاب، پاکستان) میں گزارا۔ یہ مقام بعد ازاں روحانیت، فیضان، اور تبلیغِ دین کا عظیم مرکز بن گیا۔ آپ کی خانقاہ نے عوام و خواص کو معرفت و محبتِ الٰہی کی روشنی بخشی۔
اخلاق و سیرت
● نہایت پرہیزگار، متواضع، صاحبِ حال اور ذاکرِ حق ولی کامل تھے
● تصوف کی اصل روح: محبت، عدل، تواضع، ذکر، اور اخلاص آپ کی زندگی میں نمایاں نظر آتی ہے
● دین کی ترویج، امر بالمعروف و نہی عن المنکر، اور روحانی اصلاح آپ کا مشن تھا
● آپ کی مجالس میں علم، فہم، زہد، اور تقویٰ کا عملی مظاہرہ ہوتا
● عوام، علما، فقرا، اور سلاطین یکساں طور پر آپ کے فیض یافتہ تھے
قدیم معتبر کتبِ انساب مثلاً عمدة الطالب، المعقبون اور المجدی کے مطابق حضرت سید احمد کبیر رحمۃ اللہ علیہ ساداتِ حسینیہ کے اُن اکابر میں سے تھے جنہوں نے خانقاہی کے بجائے اہلِ بیتِ اطہارؑ کی اعتقادی، علمی، اخلاقی اور نسبی روایت کو آگے بڑھایا اعتقادی، فکری اور عملی طور پر آپ اہلِ بیتِ اطہارؑ سے وابستہ تھے اور آپ کی دینی تربیت کی بنیاد امامتِ ائمہؑ، ولایتِ امیرالمؤمنین علیؑ اور حسینی فکرِ کربلا پر قائم تھی واقعۂ کربلا آپ کے نزدیک محض ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ ایک زندہ اصول اور دائمی معیار تھا، جس کی روشنی میں آپ نے ظلم، جبر اور باطل سیاسی و مذہبی نظاموں سے فکری و عملی کنارہ کشی اختیار کی آپ کا زمانہ عباسی دور کے فکری و مذہبی اضطراب سے عبارت تھا، جب اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کو محدود کرنے کی کوششیں جاری تھیں، ایسے حالات میں حضرت سید احمد کبیرؒ نے اہلِ بیتؑ کی اصل سنت، علمی وراثت اور شریعت پر مبنی طرزِ حیات کو خاندانی، تعلیمی اور معاشرتی سطح پر محفوظ رکھا آپ کی شخصیت اگرچہ باطنی وقار اور تقویٰ کی حامل تھی، مگر اس میں اہلِ بیتِ اطہارؑ کی سنجیدہ، علمی روح نمایاں تھی، جس کا تسلسل اور عملی اظہار بعد ازاں آپ کے فرزند مخدوم جہانیاں جہاں گشت کے علمی و فکری سفر میں واضح طور پر نظر آتا ہے۔
اولاد و نسل
آپ کے صاحبزادگان میں سب سے نمایاں ہستی حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ ہیں، جنہوں نے سلسلہ جلالیہ کو برصغیر، مکہ، مدینہ، بغداد، بخارا، یمن، اور ہندوستان کے مختلف علاقوں میں پھیلایا۔
دوسرے صاحبزادے حضرت مخدوم صدر الدین رحمۃ اللہ علیہ بھی اپنے وقت کے زاہد، فقیہ، اور صاحبِ فیض بزرگ تھے۔
● حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ نے 36 مرتبہ حج کیا، دنیا بھر کے روحانی مراکز کے دورے کیے، اور لاکھوں لوگوں کو فیض پہنچایا۔
● آپ کی نسلِ مبارک آج بھی ساداتِ جلالیہ، ساداتِ ناگویہ، ساداتِ بخاریہ، اور ساداتِ کوہِ کھراج، پارسکی، ہڑپہ، سلیم گڑھ، حیدرآباد سندھ، فیروز آباد آگرہ اور اتر پردیش کے بیشتر علاقوں وغیرہ میں موجود ہے۔
بہن بھائی
1. سیدہ جعفرہ رحمۃ اللہ علیہا
2. سیدہ فاطمہ رحمۃ اللہ علیہا
3. سید بہاؤالدین رحمۃ اللہ علیہ
وصال و مزار
حضرت سید احمد کبیر رحمۃ اللہ علیہ کا وصال دیویاں شریف میں ہوا۔
آپ کا روضہ مبارک آج بھی مرجع خلائق ہے، جہاں سالانہ عرس شریف تزک و احتشام سے منایا جاتا ہے۔ زائرین روحانی سکون، قبولیتِ دعا، اور تجدیدِ ایمان کی حالت میں اس مزارِ مبارک سے فیض یاب ہوتے ہیں۔
حوالہ جات
تذکرہ مخدوم جہانیاں جہاں گشت از: محمد ایوب قادری، مناقبِ قطبی، مراۃ الجلالی، سیر الاخیار، جلالی خاندان کی ویب سائٹ، ساداتِ دیویاں شریف کی نسلی دستاویزات
Comments
Post a Comment