حضرت سید عبداللہ بن علی الاصغر علیہ الرحمہ

 حضرت سید عبداللہ بن علی الاصغر علیہ الرحمہ

حضرت سید عبداللہ بن علی الاصغر بن جعفر الزکی علیہ الرحمہ کا شمار ان بزرگ ہستیوں میں ہوتا ہے جن کی نسل نے بعد کے ادوار میں عالمِ اسلام کے مختلف علاقوں میں علم، روحانیت، اور تصوف کے عظیم مراکز قائم کیے۔

نسبی تسلسل

سید عبداللہ بن علی الاصغر بن جعفر الزکی بن امام علی نقی بن امام محمد تقی بن امام علی رضا بن امام موسیٰ کاظم علیہم السلام، علماءِ انساب نے حضرت سید عبداللہ بن علی الاصغر کی ذات اور نسل کے تسلسل کو معتبر قرار دیا ہے اور انہیں اُن معقب سادات میں شمار کیا ہے جن کی عقب بعد کے ادوار میں محفوظ اور معروف رہی۔ 

سیرت و مقام

حضرت سید عبداللہؒ ایک عالم، زاہد، اور متقی شخصیت تھے۔ آپ کا تعلق سادات سے تھا، اور آپ کی نسل کو بعد میں دنیا کے مختلف علاقوں میں مذہبی اور صوفی خدمات کے حوالے سے شہرت ملی۔

آپ ہی کے ذریعے سادات کی مختلف عظیم شاخیں پھیلیں، جنہوں نے اسلام کے روحانی پیغام کو عام کیا۔

کتبِ انساب میں حضرت سید عبداللہ کے خاندان کو علمی، روحانی اور نسبی حوالوں سے معتبر سمجھا گیا ہے، اور ان کی نسل سے وابستہ شخصیات نے مختلف ادوار میں دینی و صوفی خدمات انجام دیں۔

اولاد و نسل

حضرت سید عبداللہ بن علی الاصغرؒ کی اولاد میں درج ذیل نام منقول ہیں: 

سید احمد، سید محمد، سید محمود اور سید جعفر۔

اہلِ علمِ انساب کی تصریحات کے مطابق نسلی تسلسل بالاتفاق سید احمد اور سید محمد کے ذریعے ثابت مانا گیا ہے، جبکہ دیگر بعض منقول ناموں کی عقب قطعی طور پر ثابت نہیں ہو سکی، اسی بنا پر کتبِ انساب میں انہیں معقب اور غیر معقب کی تقسیم کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔

انہی اولاد میں سے حضرت سید ابو المؤید علی بخاریؒ تھے، جو حضرت سید جلال الدین حیدر سرخ پوش بخاریؒ کے والد بنے، اور اسی نسب سے ساداتِ بخاریہ نقوی کا عظیم اور معروف سلسلہ شروع ہوا۔

بعض قدیم مصادر میں محمد النازوک بن سید عبداللہ کا ذکر بھی ملتا ہے، جن کی اولاد عراق اور دیگر عرب علاقوں میں پھیلی اور بنو نازوک کے نام سے معروف ہوئی۔ برصغیر پاک و ہند کے کثیر بخاری نقوی سادات اپنا نسب ابو یوسف احمد بن سید عبداللہ بن علی الاصغرؒ تک پہنچاتے ہیں، جیسا کہ المعقبون، عمدة الطالب اور دیگر معتبر کتبِ انساب میں تصریح موجود ہے۔

اہم ربط: چشتی، مودودی و بخاری سادات

حضرت سید عبداللہؒ کی نسل میں ایک اہم شاخ حضرت محمد ابراہیم اور ان کے فرزند حضرت محمد سامان شقلانی کے ذریعے آگے بڑھی، جن کے فرزند تھے:

حضرت خواجہ سید قطب الدین مودود چشتیؒ

آپ کو چشتی سلسلہ تصوف کے اصل بانی مانا جاتا ہے۔

آپ کی اولاد سے ساداتِ نقوی مودودی چلی، جنہوں نے ہندوستان، افغانستان اور ایران میں عظیم روحانی خدمات انجام دیں۔

اسی خاندان کی دوسری شاخ سے سادات بخاریہ کا سلسلہ چلا، جن کی شناخت آج بھی اوچ شریف، ملتان، اور سرزمینِ پنجاب سے ہے۔

ساداتِ نقوی میں سب سے بڑی تعداد بخاری نقوی سادات کی ہے۔ سادات کے سب سے قدیم، مستند شجرہ جات، تاریخی ریکارڈز اور وہ اصل تبرکات جو حضور اکرم ﷺ، اہلِ بیت اطہارؑ اور آئمہ طاہرینؑ سے منسوب ہیں، وہ بھی خاص طور پر بخاری نقوی سادات کے پاس محفوظ ہیں۔ پاکستان میں سادات کا روحانی و تاریخی مرکز بھی 'اوچ شریف' ہی ہے۔

تاریخی اہمیت:

اس تفصیل سے واضح ہوتا ہے کہ حضرت سید عبداللہ بن علی الاصغر نہ صرف نسبی لحاظ سے عظیم المرتبت تھے، بلکہ ان کی نسل نے اسلامی تاریخ میں روحانیت، دعوت، تصوف، علم، اور اخوت کی وہ بنیاد رکھی جو بعد کے تمام سلسلوں کے لیے مشعل راہ بنی۔


Comments

Popular posts from this blog

تقسیمِ ہند ہجرت روحانی ورثہ اور قربانیوں کی داستان

گلزارِ جلالیہ | Gulzar-e-jalalia | Gulzar-e-jalaliya | Gulzar E Jalaliya

سید محبت علی اور سید حفیظ علی کی مکمل اولاد نسل در نسل تفصیل